اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں جذام کے خلاف شعور پیدا کرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات ادا کی جارہی ہیں تدفین گورا قبرستان میں کی جائے گی۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری تین خواہشات کے مطابق اُن کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی، میری ایڈیلیڈ سوسائٹی آف پاکستان کی سربراہ کا جسد خاکی ہولی
فیملی ہسپتال سے ایم اے ایل سی لایا جائے گا۔رتھ فاؤ کی خواہش کے عین مطابق اُن کی آخری رسومات سن پیٹرک چرچ میں ادا کی جائیں گی۔دوپہر 12 بجے جسد خاکی گورا قبرستان پہنچایا جائے گا۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خواہش تھی کہ اُن کا علاج وینٹی لیٹر پر نہ کیا جائے اور ان کا جسد خاکی اسپتال لایا جائے جبکہ تدفین سرخ لباس میں کی جائے۔واضح رہے 1960 میں جرمنی سے پاکستان آکر لوگوں میں جذام کی بیماری سے متعلق لوگوں میں شعور پیدا کرنے اور پاکستان سے جذام کے مرض کو ختم کرنے کے لیے کامیاب جدوجہد کا آغاز کرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ کا انتقال 8 روز پہلے کراچی کے نجی ہسپتال میں ہوا، وہ طویل عرصے سے علیل تھیں اور 87 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کرگئی تھیں۔