اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نوازش علی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف کیسز کھولنے کیلئے ریفرنس دائر کرنے کے حکم پر اْس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نوازش علی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم بہت واضح ہے جبکہ نیب نے پہلے چار ریفرنسز پر کام شروع کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ اس معاملے میں بہت ہی شفافیت کے ساتھ کام کررہا ہے اور جن جن کے خلاف ریفرنسز کھولے جائیں گے
ان کی فہرست بھی نیب کی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب نے جب اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھالی تھی تو اسی وقت انھوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ان تمام کیسز کی فہرست تیار کی جائے جو کافی عرصے سے زیرِ التوا ہیں، ۔ترجمان نیب کے مطابق ان کے پاس اس وقت ایک ہزار 133 ایسے کیسز کی فہرست موجود ہے جن پر کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔