اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے پاک چین گہرے تعلقات کا کریـڈٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کو قرار دیتے ہوئے پاک چین تعلقات کا معمار قرار دیدیا۔ روزنامہ جنگ کی ایک رپورٹ کے مطابق نائب چینی وزیراعظم وانگ یانگ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف جیسی
شخصیات دوررس اثرات اور فلاح و بہود کے منصوبوں کی بنیاد رکھتی ہیں جنہیں اقوام اپنے عزم و ارادے کے بل پر پروان چڑھاتی ہیں۔چینی نائب وزیراعظم نے پاکستان کے نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کو بڑی چاہت اور احترام کے ساتھ یاد کیا انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔چین کے نائب وزیراعظم نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان میں وزاتِ عظمیٰ سے نوازشریف کی سبکدوشی کے باوجود ترقی اور حکمت عملی کے ذیل میں تسلسل موجود رہے گا اور نئی انتظامیہ نوازشریف کی متعین کردہ راہوں پر آگے بڑھنے کے لئے کاربند ہے۔انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے دورئہ پاکستان اور یہاں پارلیمنٹ سے ان کے تاریخی خطاب کا حوالہ بھی دیا اور یہ بھی بتایا کہ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف اور چین کے صدر کے درمیان حددرجہ مفید مکالمہ ہوا تھا۔انہوں نے گزشتہ جون میں نوازشریف کے اس دورہ چین کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے عالمی رہنماؤں کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جس میں ”ایک پٹیّ ایک شاہراہ“ کے عظیم بین الاقوامی منصوبے پر عالمی حمایت حاصل کی گئی تھی۔اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیشرو نوازشریف کا بڑے اَدب و احترام کے ساتھ ذکر کیا اور بتایا کہ موجودہ حکومت نوازشریف کے مقرر کردہ اصولوں سے رہنمائی حاصل کر کےملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھے گی۔