نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں بند گوبھی میں چھپے سانپ کو پکا کر کھانے والی ماں بیٹی کی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اندور شہر میں 35 سالہ افزان امام اور ان کی 15 سالہ بیٹی آمنہ نے بند گوبھی کاٹی اور اسے پکا کر گھا گئے تاہم انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ گوبھی کے اندر سانپ کا بچہ بھی چھپا بیٹھا ہے۔
گوبھی کے ساتھ سانپ بھی کٹ گیا اور سبزی میں مکس ہو گیا۔ ماں بیٹی نے رات کا کھانا کھایا تو اچانک ان کی حالت غیر ہوگئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈاکٹرز نے بتایا کہ جب دونوں خواتین کو اسپتال لایا گیا تو وہ الٹیاں کر رہی تھیں جس کے بعد ان کے متعدد ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ خواتین نے بتایا کہ انہوں نے رات میں کھانے کے لیے بند گوبھی بنائی تھی تاہم جب وہ کھانا کھا چکے تو انہیں بچی ہوئی سبزی میں سانپ کے بچے کے کچھ ٹکڑے ملے اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ سبزی کے ساتھ سانپ بھی کھا گئی ہیں۔ڈاکٹرز کے مطابق فی الحال ماں اور بیٹی کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ ان کے جسم میں زہر موجود ہے یا نہیں، لہٰذا انہیں آئندہ چند روز تک اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے اور یہ کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے لہٰذا سبزیاں کاٹنے اور پکانے سے پہلے انہیں اچھی طرح سے صاف کر لینا چاہیئے اور دیکھ لینا چاہیئے کہ اس میں کوئی کیڑا تو موجود نہیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔