اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق 2017 کا معاہدہ بنیادی شرائط پر پورا نہیں اترتا ۔ ہرریاست کی دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی سطح پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے ۔ پیر کے روز جوہری ہتھیاروں پر پابندی کے حوالے سے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لئے پرعزم ہے ۔ ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق غیر امتیازی معاہدے کی ضرورت ہے
معاہدے کے لئے جنیوا میں تخفیف اسلحہ کانفرنس مناسب فورم ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر اتفاق رائے کی ضرورت ہے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق معاہدہ 2017 اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ نہیں کرتا اسی وجہ سے ہم نے معاہدے کی حمایت کی نہ مذاکراتی عمل کا حصہ بنے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کی شق پر عملدرآمد کا پابند نہیں یہ معاہدہ عالمی قانون کے تحت کسی ریاست پر لازم نہیں مگر پھر بھی پاکستان ایٹمی اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے عزم پر قائم ہے ۔