لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن میں توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران گلوبٹ گواہوں کو آنکھیں دکھاتے رہے جبکہ گواہوں نے توڑ پھوڑ کا ذمہ دار گلوبٹ کو قرار دیا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے شاہد عزیز عرف گلوبٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی زبان کھل گئی تو بہت سے لوگ جیل جائیں گے اور بہت سوں کی وردیاں اتریں گی۔ میڈیا میرا سب سے بڑا گواہ ہے اور انصاف ملنے کی پوری امید ہے۔ قبل ازیں لاہور انسداد دہشت گردی عدالت میں گلوبٹ پیش ہوئے جبکہ چار پولیس کانسٹیبلزکو بطور سرکاری گواہ عدالت میں پیش ہونا تھا جس میں تین پیش نہ ہو سکے۔ عدالت میں تاخیر سے پہنچنے پر جج رائے ایوب نے گلو بٹ کے وکیل کی سرزنش کی ‘سرکاری وکیل نے عدالت کے سامنے وہ ڈنڈا بھی پیش کیا جس کی مدد سے گلوبٹ نے ماڈل ٹاؤن میں گاڑیوں کو تہس نہس کیا تھا۔