ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ نظیر کے طور پر پیش نہیں کیا جائے گا۔ن لیگ صرف نوازشریف کو بچانے کی جنگ نہ لڑے بلکہ انہیں اداروں کو بچانے کی جنگ لڑنی چاہیے۔ملتان پریس کلب میں پانامہ کیس کے فیصلہ کے بعد سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ جس
طرح بھٹو صاحب کو پھانسی دینے کا فیصلہ قبول نہیں کیا جاتا اسی طرح اس فیصلے کو بھی جج ناک سے لگا کر پھینک دیں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے والوں کو سپریم کورٹ تحفظ دیتی ہے، آئین اور پارلیمنٹ توڑنے کے بعد لوگ سپریم کورٹ پہنچ جاتے ہیں۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا شریف فیملی کو احتساب کا سامنا کرنا چاہیے اور میں نے نوازشریف کو کہا تھا کہ ان کا نام کاروبار میں نہیں ہونا چاہیے۔