اسلام آباد (این این آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل ’جاگ ٹی وی‘ کو ملازمین کی مبینہ جبراً اور خلافِ معاہدہ برطرفیوں پر اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں جواب طلب کر لیا ہے ۔ اتھارٹی نے مذکورہ ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر نعیم طاہر کی طرف سے دائر شکایت کے بعد ٹی وی چینل انتظامیہ سے موقف طلب کیا ہے۔ مزید برآں جاگ ٹی وی انتظامیہ اب ان برطرفیوں کو استعفیٰ کا نام دے رہی ہے جس سے صحافیوں کے بنیادی حقوق پرزد پڑتی ہے ۔
شکایت گزار کی درخواست پر پیمرا نے جاگ ٹی وی انتظامیہ کو سات روز کے اندر یعنی 2اگست 2017ء تک اپنا موقف جمع کروانے کی ہدایت کی ہے نیز چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی اسی تاریخ کو دوپہر 2بجے ذاتی شنوائی کیلئے طلب کیا ہے۔ عدم پیروی کی صورت میں یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔