اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ میں کسی بھی عہدے کا طلبگاریا امیدوار نہیں ہوں جس جگہ ہو خوش ہوں ٗ پارٹی کا نواز شریف پر مکمل طور پر اعتماد ہے ،جب سے حکومت آئی ہے تب سے عمران اور پی ٹی آئی حملہ آور ہو جاتے ہیں ٗ سپریم کورٹ سے بھی سرخرو ہونگے ٗ جو بھی ہو رہا ہے
پانچ سالوں بعد حقائق سامنے آجائیں گے ۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نااہلی کا مسئلہ در پیش ہوا تو وزیرا عظم کا فیصلہ سب کو قبول ہو گا ٗ ہمیں ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خدشہ ہے کیونکہ ہم نے ملک کو بہت محنت سے کام کرکے بہتری جانب گامزن کیا ہے ٗ کچھ سیاسی ناکام لو گ ہیں جنہیں عوام نے رد کیا ہوا ہے اورضمنی الیکشنز میں بھی ان کا دور دور تک نمبر نہیں آرہا تاہم وہ ترکی کی طرح گولن کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ٗدھرنے والے بہت پریشانی میں مبتلا ہوئے ہیں مگر اقتدار ان کے مقدر میں نہیں ٗانہوں نے کہا کہ جو بھی ہو رہا ہے پانچ سالوں بعد حقائق سامنے آجائیں گے اور لوگ سورج کی روشنی کی طرح سب کو کھلی آنکھوں سے دیکھ سکیں گے اور پھر بہت سے سازشی اور مکروہ سیاست کرنے والوں کے چہروں سے نقاب اتر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگروزیراعظم سی پیک کے ذریعے ملک کو آگے لے جانے کیلئے کوشاں ہے تو اسے ہٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم پرویز مشرف جس کا لند ن میں محل ٗدبئی اور پاکستان میں بڑی جائیدادیں ہیں وہ معصوم بنا ہوا ہے اور عدالتوں کا مفرور ہے زرداری اینڈ ٹولہ بھی عیاشیوں میں مصروف ہے تاہم کسی کو ئی خبر نہیں صرف خرابی اور نقص (ن )لیگ سے نکالے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ کے ذریعے پیالی میں طوفان برپا کیا جار ہا ہے حالانکہ دنیا میں ایسا کبھی نہیں ہو ا کرتا اور حکومتوں کو بہتری کی جانب چلنے دیا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر سی پیک کو کامیاب بنا رہے ہیں تاہم اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ روڈ ہی سی پیک ہے تو وہ خام خیالی کا شکا ر ہے اسی فیصد سی پیک تو بیرونی سرمایہ کاری ہے اگر ملک سیاسی استحکام قائم نہ رہا تو بیرونی سرمانہ کاری نہیں آئیگی تو پھر چاہے20 ہزارجوان سیکیورٹی کیلئے اور بھی لگا لیں تو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا ، انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم اور ان کے بچوں کو علیحدہ علیحدہ دیکھا جائے اور وزیرا عظم کا کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے اگر کو ئی کہہ رہا ہے کہ ثبو ت نہیں دیئے تو یہ بات غلط ہے اور کیس قانون کے مطابق چلے گا۔