اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم کو سپریم کورٹ کا تحفظ کرنے کیلئے تیاری کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو نہ ماننے کا اعلان کرنے والے لیگی وزرا احمق ہیں، نون لیگ کے لوگ پھر سپریم کورٹ پر حملہ کریں گے، چار وزرا کو ایسی باتیں کرنے پر شرم آنی چاہئے،قطری شہزادے کو لانا شریف خاندان کی ذمے داری تھی، قطری شہزادہ تلور کے شکار کیلئے پاکستان آ سکتا ہے تو گواہی دینے کیلئے کیوں نہیں آ سکتا؟
،ایک خاندان نے کرپشن بچانے کیلئے ادارے تباہ کر دیئے، نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے،نواز شریف ملک کیلئے سی کیورٹی رسک ہے ۔ اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وفاقی وزراء نے کل جے آئی ٹی پر حملہ کیا۔ صورتحال سپریم کورٹ پر حملے کی طرف جا رہی ہے۔ ان کو پتہ چل گیا ہے کہ میچ جتنے کا کوئی چانس نہیں ہے۔ یہ پاکستانی قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جے آئی ٹی کوجمہوریت کے خلاف سازش قرار دیا جا رہا ہے۔ جب قطری سب کچھ تھا تو کیا قطری کو لانا ان کی ذمہ داری نہیں تھی۔ اب معاملہ 1997ء کی طرح پھر سپریم کورٹ پر حملے کی طرف جا رہا ہے۔ ان کو اس لئے بھی جیل جانا چاہیے کہ یہ ساری قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے نے بتایا کہ چیئرمین ایس ای سی پی نے ٹمپرنگ کی۔ یہ جے آئی ٹی سے با ہر آتے ہیں تو لگتا ہے کہ کسی باکسر نے انہیں پھینٹا لگایا ہو۔ ان لوگوں کے منہ سوجھے ہوئے ہوتے ہیں۔ نواز شریف نے 4 بڑے جرم کئے اس لئے اسے جیل جانا چاہیے۔ یہ 30 سال سے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں اور سمجھتے ہیں بچ جائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جے آئی ٹی بننے پر چھوٹے میاں نے بڑے میاں کو لڈو کھلایا تھا اب کہہ رہے ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
کہتے ہیں فیصلہ نہیں مانیں گے اور بات جمہوریت کی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہونے جا رہی ہے۔ شریف خاندان ملک کے ادارے تباہ کر رہا ہے۔ کرپشن چھپانے کیلئے ملک کے ادارے تباہ کئے جا رہے ہیں ۔ یہ میری پارٹی کا نہی پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ قطری تلور کے شکار کیلئے آ جاتا ہے بیان دینے نہیں آ سکتا۔ عمران خان نے کہاکہ جسٹس عظمت نے کہا کہ اگر قطری نہ آیا تو خط ردی کا ٹکرا بن جائے گا۔ سپریم کورٹ کے 3 ججز نے مزید معلومات کیلئے جے آئی ٹی بنائی۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کا پیش ہونا اچھا نہیں لگا۔ خواتین کی عزت کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نواز شریف سے استعفیٰ لے مجھ پر اور جمائما خان پر یہودی لابی کے الزامات لگائے گئے۔ جمائما پر الزامات لگانے والے گھٹیا لوگ ہیں۔ سپریم کورٹ کے اعلیٰ ترین ججز نے نوا زشریف کا نام ’’گاڈ فادر‘‘ رکھا۔ گاڈ فادر سے جان چھڑانے کے لئے مجھے اپنی نااہلی بھی منظور ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میرے خلاف 10 ارب رو پے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔
نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ مانگا تھا اب نواز شریف آئی سی آئی جے کے خلاف عدالت کیوں نہیں جاتے۔ جمہوریت کی جدوجہد میں میڈیا کا بڑ اہاتھ ہے۔ دھرنے میں شیلنگ کے دورا میڈیا پیچھے نہیں ہٹا ۔ میڈیا کا کام پروپیگنڈا کرنا نہیں حقائق سامنے لاناہے۔ عمران خان نے کہاکہ یہ لوگ اب سپریم کورٹ اور فوج کے خلاف ہو گئے ہیں ‘ مریم نواز نے نئے آرمی چیف کی آمد پر ٹویٹ پر خوشی کا اظہار کیا تھا تاثر دیا گیا کہ چیف جسٹس اور آرمی چیف ان کے اپنے بندے ہیں مگر آج ان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کو بچانے کیلئے پوری قوم کو تیار رہنے کی کال دے رہا ہوں‘ نواز شریف ملک کیلئے سی کیورٹی رسک ہے ‘ سپریم کورٹ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔جے آئی ٹی رپورٹ فائنل ہونے کے لئے آج آخری دن ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کہا گیا کہ قطری کا بیان نہ لیا تو جے آئی کی رپورٹ نہیں مانیں گے۔ جے آئی ٹی ہماری نہیں سپریم کورٹ کی تسلی کیلئے بنائی گئی ہے۔ جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ کو دینی ہے۔