اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اور چین میں کئی دہائیوں سے محاذ آرائی جاری ہے، اور اسی محاذ آرائی کا نتیجہ ہے کہ کشیدگی زیادہ بڑھنے کی وجہ سے سکم سیکٹر میں سرحد پر دونوں جانب سے ہزاروں فوجی تعینات کر دیے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کی افواج نے اپنے تین تین ہزار فوجی سرحد پر تعینات کیے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف نے سرحد کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ دونوں افواج اپنی سرحدوں پر مورچوں میں بیٹھ کر اپنی پوزیشن مستحکم سمجھ رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے
مطابق اس علاقے میں پہلے بھی دونوں فوجوں میں کشیدگی چلتی رہتی ہے لیکن موجودہ کشیدگی انتہائی سنگین حد تک پہنچ چکی ہے جو کسی بھی وقت جنگ میں بدل سکتی ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے سکم سیکٹر میں دراندازی کی ہے اور ڈوکلام کے علاقے سے فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے کہا کہ ڈوکلام غیرمتنازع طور پر چینی علاقہ ہے بھارت اپنی فوج واپس بلائے اور بھارت سے بامعنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔