اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر دارجیلنگ میں علیحدگی کی تحریک مزید زور پکڑ گئی، شہر میں مکمل ہڑتال ، تمام اسکول و بازار بند اور دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے شہر دارجیلنگ میں علیحدگی کی تحریک مزید زور پکڑ گئی۔ دارجیلنگ میں پرتشدد احتجاج کا سلسلہ 2 ہفتوں سے جاری ہے۔ بچے گلے میں زنجیر ڈال کر بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں دارجیلنگ کے شہری علیحدہ وطن گورکھالینڈ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
شہر میں مکمل ہڑتال ہے۔ تمام اسکول و بازار بند اور دیگر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔مودی سرکار نے علیحدگی کی تحریک کو دبانے کے لئے انٹرنیٹ کی سہولت معطل کر رکھی ہے۔ دارجیلنگ میں علیحدگی پسند رہنما گورکھا جانموتی مورچا کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت تشدد سے باز نہیں آئے گی کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔بھارت کی مختلف ریاستوں میں تقریبا 27 کے قریب علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔ آسام کے علاوہ مقبوضہ کشمیر، مانی پور، میگھالیا، ناگا لینڈ اور خالصتان کی تحریکیں بھی جاری ہیں۔