اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی، اندرو و بیرون ملک پروازیں منسوخ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی گئی ہے جس کے باعث اندرون و بیرون ملک قومی ائیر لائن
کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی بلا جواز ہے جبکہ اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کو پیشگی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ایس او کو معاہدے کے مطابق ایک ہفتے کے جیٹ فیول کی ایڈوانس ادائیگی کی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روکے جانے کے باعث عید الفطر کے دوران اندرون ملک پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث عید کیلئے اپنے گھروں کو جانے والے مسافر شدید متاثر ہونگے جبکہ اگر ایندھن کی فراہمی زیادہ تر تک بند رہی تو اس سے پی آئی اے کا حج آپریشن بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جو کہ 27جولائی سے شروع ہو جائے گا۔ حج آپریشن متاثر ہونے سے حاجیوں کی بروقت سعودی عرب روانگی کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔