واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کی قیادت میں اتحاد نے شام میں عراق کی سرحد کے نزدیک واقع قصبے میں ایک فضائی حملے میں داعش کے خود ساختہ مفتیِ اعظم ترکی البنعلی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ا مریکی اتحاد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اتحاد نے داعش کے مفتی اعظم ترکی البنعلی کو 31 مئی کو شام کے قصبے المیادین میں ایک فضائی حملے میں ہلاک کردیا تھا۔اس حملے کے فوری بعد ترکی البنعلی کی موت کی خبریں
منظرعام پر آئی تھیں تاہم امریکہ کی قیادت میں اتحاد نے اب ان کی موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ داعش کے خلیفہ ابوبکر البغدادی کے قریبی معتمدین میں شمار ہوتے تھے اور انھوں نے غیرملکی جنگجوؤں کو داعش کی صفوں میں بھرتی کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔داعش نے جون کے اوائل میں یہ اطلاع دی تھی کہ ترکی البنعلی شام کے شہر الرقہ میں ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔وہ بحرین میں اس سخت گیر گروپ کی شاخ کے سربراہ تھے۔