کابل(آئی این پی)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں 2افراد ہلاک اور 27دیگر زخمی ہوئے ہیں۔منگل کو افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق کابل میں مظاہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تازہ جھڑپوں میں 30کے قریب افرا د ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
حکومت کے خلاف دھرنوں میں ملوث تحریک کا دعویٰ ہے کہ تازہ ترین جھڑپوں میں 2مظاہرین ہلاک اور 27دیگر زخمی ہوئے ہیں۔انکا مزید کہنا تھاکہ کابل کے مرکز سے خیمے ہٹانے کی کوشش کے دوران سیکورٹی فورسز 11مظاہرین کو اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ایک شہری کے اوپر سے گاڑی گزار دی گئی ۔اس سے قبل چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ تشدد کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی ۔عبداللہ عبداللہ نییقین دہانی کرائی ہے کہ گزشتہ رات کے وقعے کی حکومت تحقیقات کرائے گی ۔انکا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کریں۔یار رہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں رواں ماہ کے شروع میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد مظاہرین نے خیمے لگائے تھے ۔مظاہرین کابل دھماکوں کے بعد حکومتی رہنماؤں اور سلامتی کے اداروں کے سربراہان کے استعفے کا مطالبہ کررہے تھے ۔