کراچی (این این آئی) پاکستانی فلمی تاریخ کی کثیر سرمائے سے بنائی جانیوالی اولین فلم ’’یلغار‘‘ کوعید الفطر کے دن پاکستان سمیت دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک میں ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں اردو سمیت چینی ، جاپانی ، نارویجین ، فرانسیسی ، جرمنی ، انگلش و دیگر زبانوں میں اسے سب ٹائٹیلنگ کیساتھ ریلیز کیا جائیگا ، چینی سمیت دیگر زبانوں میں ڈبنگ مکمل کر لی گئی ہے ، مذکورہ فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے 800 سینما گھروں میں بیک وقت نمائش کیلئے پیش کیا جائیگا۔
فلم کے فلمساز و ہدایتکار حسن وقاص رانا نے اس امر کی تردید کی کہ فلم’’یلغار‘‘ کی نمائش عید الفطرکے دن نہیں کی جارہی ، ان کا کہنا تھا یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جو پاکستان سمیت 60 دنیا کے بڑے سینما گھروں میں عید الفطر کے دن نمائش کیلئے پیش کی جائیگی ، یہ ملکی انڈسٹری کی تاریخ کی پہلی فلم ہوگی جو بیک وقت 800 سینما گھروں اور 60 ممالک میں8 سے زائدمختلف زبانوں میں ریلیز کی جائیگی۔اس کی تشہیری مہم کا آغاز 17 جون سے کردیا جائیگا۔پنڈی میں فلم کا پہلا پریمیئر شو شہدا کی فیملیز اور ایدھی سنٹر کے بچوں کیساتھ رکھا جائیگا جس میں ملک کی اہم شخصیات شرکت کرینگی ، فلم کی آمدنی کا ایک حصہ شہدا کی فیملیز کو دیا جا ئیگا ، فلم کے میگا پریمیئر شوز بیک وقت امریکہ ، برطانیہ اور چین میں منعقد کئے جائینگے ، فلم کی نمائش کے حقوق ایورریڈی پکچرز اور ایک نجی چینل نے مشترکہ طور پر حاصل کر لیے ہیں۔حسن وقاص رانا کا کہنا ہے کہ اس فلم کے ذریعے دنیا بھر میں ملکی فلم انڈسٹری کا ہی نہیں پاکستان کا بھی سافٹ امیج اجاگر کریں گے ، ملکی فلم انڈسٹری میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہم نے بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھ کر اس فلم کو بنایا ہے جس میں شیڈول سے زیادہ وقت معیاری کام کی بنا پر صرف ہوا ہے۔