لندن(آئی این پی )برطانوی شہر مانچسٹر کی مساجد اور اسلامی مراکز نے گذشتہ ہفتے ایک محفل موسیقی میں خود کش بم حملہ کرنے والے سلمان عبیدی کی نماز جنازہ پڑھانے اور اسے مانچسٹر میں دفن کرنے سے معذرت کرلی،دوسری طرف مانچسٹر بلدیہ نے بھی خود کش بمبار کو اس شہر میں دفن کرنے سے روکنے کے لیے تمام اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی شہر مانچسٹر کی
مساجد اور اسلامی مراکز نے گذشتہ ہفتے ایک محفل موسیقی میں خود کش بم حملہ کرنے والے سلمان عبیدیکی نماز جنازہ پڑھانے اور اسے مانچسٹر میں دفن کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ ادھر مانچسٹر بلدیہ نے بھی خود کش بمبار کو اس شہر میں دفن کرنے سے روکنے کے لیے تمام اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ لیبیائی نژاد سلمان عبیدی نامی ایک شدت پسند نے گذشتہ ہفتے مانچسٹر میں ایک موسیقی کنسرٹ میں گھس کر خود کش حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 22 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے تھے۔اس واقعے کے بعد مانچسٹر کے مسلمانوں میں بھی سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ جولائی 2005 کے بعد یہ برطانیہ میں سب سے بڑی خونی واردات قرار دی گئی ہے۔ شمالی انگلینڈ کے شہر مانچسٹر کی مساجد اور اسلامی مراکز نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ سلمان عبیدی کی نماز جنازہ اور اس کی تدفین کا اہتمام نہیں کرسکتے۔اخبار مانچسٹر ایوننگ نیوز نے مانچسٹر بلدیہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلدیہ خود کش بمبار کی مانچسٹر میں تدفین روکنے کے لیے تمام اختیارات کا استعمال کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ سلمان عبیدی کی نماز جنازہ اور اس کی شہر میں تدفین کی کسی صورت میں اجازت نہیں دے گی۔اخباری معلومات کے مطابق خود کش بمبار کی باقیات شہر سے باہر محفوظ کی گئی ہیں
تاہم ایک دوسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ العبیدی کی باقیات کو ایک لمحے کے لیے بھی محفوظ نہیں کیا گیا۔اخبارڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ خود بمبارکی لاش اس کے ورثا کے حوالے نہیں کی گئی۔ اس کے والدین رمضان اور سامیہ اور چھوٹا بھائی ھاشم سب لیبیا پولیس کی حراست میں ہیں۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ العبید کا چھوٹا بھائی 20 سالہ ہاشم کا بھی داعش سے تعلق ہے اور وہ دارالحکومت طرابلس میں ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ البعیدی کا بڑا بھائی اسماعیل برطانوی پولیس کی حراست میں لے جس سے تفتیش جاری ہے۔ تاہم اس تفتیش کے نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔