اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان جاری لفظی جنگ نے اُس وقت نیا رخ اختیار کرلیا جب لیگی رہنماؤں نے ریاستی اداروں اور عدالت پر الزام لگایا کہ وہ عمران خان کو ‘رعایت دے رہے ہیں۔لیکن پی ٹی آئی، جسے ان دنوں سپریم کورٹ میں غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات کا سامنا ہے،
کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں اور اسامہ بن لادن جیسے افراد سے فنڈز وصول کررہی ہے۔پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ‘ہم قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی ریوینیو بورڈ (ایف بی آر)، اور الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور اثاثوں کی جھوٹی تفصلات جمع کرانے پر عمران خان کے خلاف ایکشن لیں لیکن یہ ادارے بےبس نظر آتے ہیں۔