کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سی پیک کے تحت بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے گھپلوں کا انکشاف ، رواں مالی سال صرف 247 منصوبوں میں 2 ارب 60 کروڑ روپے ہڑپ ، نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خزانہ بلوچستان کی قائم کردہ کمیٹی نے پردہ چاک کر دیا ۔رپورٹ میں بلوچستان کے پی ایس ڈی پی کے منصوبوں میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف کیا گیا ۔
محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے سال 2016۔17 کے بجٹ کے پی ایس ڈی کے منصوبوں کی جانچ پڑتال کے لئے ایک ٹیم رواں ماہ بنائی گئی ۔ ٹیم نے پی ایس ڈی پی میں شامل 2 ہزار 293 منصوبوں میں سے صرف 247 پر کام کیا ۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان 247 منصوبوں کے اخراجات میں تقریباً 2 اعشاریہ 6 بلین روپے کا فرق ہے ۔اس تناسب سے اگر تمام 2 ہزار 293 منصوبوں کی جانچ پڑتال ہو تو کل 260 بلین روپے کا فرق سامنے آسکتا ہے ۔ گھپلا سامنے آنے کے بعد حکومت بلوچستان نے انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے ملزموں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ٹیم کے ممبران کیخلاف کارروائی کر ڈالی اور ڈی جی ٹریژیز ہمایوں خان کو اوایس ڈی جبکہ دیگر کا تبادلہ کر دیا گیا ۔ محکمہ خزانہ زراعت کے وزیر کے منظور نظر آفیسر کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔