کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف نعت خواں منیبہ شیخ قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں، وہ طویل عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھیں ۔ تفصیلات کے مطابق معروف نعت خواں اور صدارتی ایوارڈ یافتہ منیبہ شیخ طویل عرصے تک علیل رہنے بعد اتوارکو خالقِ حقیقی سے جا ملیں ، وہ گردے کے امراض میں مبتلا تھیں اور مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں ۔
نعت خواں منیبہ شیخ کے اہلِ خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھیں اور مقامی ہسپتال میں ان کا علاج جاری تھا تاہم چند روز قبل طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ ہمیں سوگوار چھوڑ گئیں ۔ منیبہ شیخ نے زمانہ طالب علمی ہی سے نعتخوانی کا آغاز کیا اور جلد ہی محبت و عقیدت میں ڈوبی یہ آواز سکول اور جامعہ سے نکل کر ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے گھر گھر پہنچی اور عالمی سطح پر متعارف ہوئی ۔