اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی انجینئرز نے ایسی سمارٹ فون اسکرین ایجاد کرلی ہے جو اپنی مرمت آپ کرسکتی ہے یعنی اس پر پڑنے والی خراشیں کچھ دیر بعد خود بخود ختم ہوجاتی ہیں
اور اگر یہ اسکرین ٹوٹ بھی جائے تب بھی یہ 24 گھنٹوں کے اندراندر خود کو دوبارہ جوڑ لیتی ہے۔انجینئرزنے یہ اچھوتی سمارٹ فون سکرین ایجاد کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اپنی مرمت آپ کرنے والے (سیلف ہیلنگ) مادّے پہلے سے موجود ہیں لیکن نہ تو وہ شفاف ہیں اور نہ ہی اس قابل کہ ان میں سے بجلی گزر سکے اور اسی وجہ سے انہیں اسمارٹ فون اسکرینوں میں استعمال نہیں کیا جاسکتا، ان کی اختراع میں یہ دونوں خرابیاں دور کرتے ہوئے ایسا شفاف مادّہ تیار کیا گیا جو برقی موصل (کنڈکٹر) بھی ہے یعنی اس میں سے بجلی بھی گزر سکتی ہے۔یہی مادّہ استعمال کرتے ہوئے انجینئرز نے تجرباتی طور پر ایسی ٹچ اسکرین تیار کرلی جس پر پڑنے والی خراشیں کچھ دیر بعد خود بخود غائب ہوجاتی ہیں اور اگر وہ ٹوٹ بھی جائے تو اس کے مختلف حصے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ایک بار پھر سے آپس میں جڑ جاتے ہیں۔