لاہور( این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ساری جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکیں گی ،پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آنے والا ہے اور پوری قوم کی نظریں اس فیصلے پر لگی ہوئی ہیں۔
ویڈیو لنک کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی عدالت میں تلاشی ہورہی ہے ،نیب اور ایف بی آر جیسے اداروں کے سربراہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا تھا اوراب پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ۔اگر نیب مضبوط ہوتا تو نواز شریف اور آصف زرداری پکڑے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اداروں میں کرپٹ سربراہوں کی تقرری ہے ۔ہم نے خیبرپختونخوا ہ میں سفارش کلچر ختم اور سیاسی اثرو رسوخ ختم کرکے گورننس سسٹم ٹھیک کر دیا ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے آئندہ انتخابات میں ساری جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستام میں کرپشن میں خاتمے کے لئے اگر خلوص نیت سے کام کیا جائے تو یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک ایک بار پھر تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔