کراچی (آئی این پی) کراچی کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا ۔ منگل کو رینجرز کا یونیورسٹی روڈ پر واقع سفاری پارک کے گوالیشن پلے لینڈ میں ٹارگیٹڈ آپریشن ۔ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کی جانب سے چھپائے گئے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے یونیورسٹی روڈ پر واقع سفاری پارک کے گوالیشن پلے لینڈ کے اندر خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گھیرے میں لے لیا اور چاروں
اطراف کی مکمل طور پر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گوالیشن پلے لینڈ کے اسٹور سے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی ہے ۔ جس میں اینٹی ایئرکرافٹ گن بھی شامل ہیں جبکہ اسلحہ بھی پکڑا گیا ، جس کو رینجرز نے تحویل میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ اسٹور میں چھپایا گیا اسلحہ میں رائفلز، ایس ایم جیز، ایل پی جیز ،دستی بم، بال بم، بلاک بم، مختلف اقسام کی گولیاں ،کارتوس سمیت دیگر گولہ بارود اور خود کار ،جدید اسلحہ بھی شامل ہیں ،جبکہ اینٹی ایئرکرافٹ بھی پکڑی گئی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مزکورہ اسلحہ کراچی کی ایک سیاسی تنظیم کے عسکری ونگ کی جانب سے چھپایا گیا تھا اور کراچی میں ایک بار پھر امن خراب کرنے کی سازش کی جارہی تھی ، جس کو عسکری اداروں نے ناکام بنادیا ۔ باخبر ذرائع نے مذید بتایا کہ مزکورہ کارروائی سیاسی جماعت کے زیر حراست کارکن کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ مزکورہ کارروائی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے ۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹارگیٹڈ کارروائیاں کی گئیں ۔ رضویہ پولیس نے 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 8غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا ۔ ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے اور ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔ادھر بلدیہ پولیس نے ریزیڈنس ایکٹ کے تحت 2افراد کو گرفتار کر کے
مقدمہ درج کر لیا ہے ۔گلبرگ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا اوران کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔ ادھر سائٹ کے علاقے نیشنل مصالحہ اسٹریٹ کے قریب پولیس نے کارروئی کر کے ایک ملزم سعید صدیقی ولد محمد وسیم صدیقی کو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول اور ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مختلف نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔ ملزمان کرمنل ریکارڈ دیکھا جارہا ہے ۔