اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی طویل عرصے کے بعد پاکستان واپسی ایک خاص منصوبے کا حصہ ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے واضح کیا کہ شرجیل میمن کی واپسی حکومت اور پیپلز پارٹی میں کسی قسم کی ڈیل کا نتیجہ نہیں، لیکن ممکن ہے کہ ان کی اپنی جماعت میں کوئی ڈیل ہوئی ہو۔
انھوں نے کہا کہ ‘جس طرح سے شرجیل میمن ایک مکمل پروٹوکول کے تحت واپس آئے، انہیں کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیئے تھا، لہذا اگر وہ بے گناہ ہیں تو عدالت میں جاکر ثابت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن اپنے ساتھ وزراء کا پروٹوکول اس لیے لائے تاکہ ان سے کوئی سوالات نہ کرے، لیکن انہیں اسلام آباد نہیں، بلکہ کراچی آکر نیب کی عدالت میں پیش ہونا چاہیئے تھا۔لیگی رہنما نے صرف پیپلز پارٹی کو ہدف بنائے جانے کے تاثر کو رد کیا اور کہا کہ نیب ایک مضبوط اور غیر جانبدار ادارہ ہے۔