اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے سوشل میڈیا پرسے گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ کہتے ہیں نبی پاکﷺ کی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے۔سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد سے شائع کرنے والے پیجز کی فوری بندش اورانہیں چلانے والے افراد کیخلاف کارروائی سے متعلق عدالتی حکم کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے
فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نوازشریف نے ہدایت کی کہ عدالتی گائیڈ لائن کے مطابق تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ سے روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے اقدامات کی رپورٹ بھی مانگ لی۔اپنے بیان میں وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ حضرت محمد ﷺ پوری انسانیت کے محسن ہیں۔ سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد امت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کا راستہ روکنے کیلئے مکمل اقدامات کیے جائیں گے۔