لاہور (ا ین این آئی) پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دھماکہ کرنے والے خود کش حملہ آور کے سہولت کار نے تحقیقات کے دوران مزید انکشافات کئے، انوار الحق نے چیئرنگ کراس سمیتیوحنا آباد اور گلشن اقبال پارک میں دھماکے کرنے والے حملہ آوروں کو بھی خود کش جیکٹس فراہم کی تھیں،کالعدم تنظیم کی جانب سے مزید دو کارروائیوں کاٹارگٹ بھی ملا تھا تاہم اس سے قبل ہی حساس اداروں نے اسے گرفتار کرلیا ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سانحہ چیئرنگ کراس کے گرفتار سہولت کار انوار الحق سے تفتیش میں مصروف ہیں ۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ سہولت کار نے اس سے قبل یوحنا آباد میں مسیحی عبادتگاہوں کو نشانہ بنانے والے حملہ آوروں کو بھی دو خود کش جیکٹس فراہم کی تھیں ۔ گلشن اقبال پارک کیلئے بھی اس نے خود کش جیکٹ فراہم کی جبکہ چیئرنگ کراس دھماکے میں بھی اس کی فراہم کردہ خود کش جیکٹ استعمال ہوئی ۔ سہولت کار کے مطابق اس کے پاس مزید دو خود کش جیکٹس موجود تھیں جس کے ذریعے لاہور میں بڑی کارروائیوں کا منصوبہ تھا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسے گرفتار کر کے دو خود کش جیکٹس بھی قبضے میں لے لیں ۔ دوران تفتیش سہولت کار نے مزید انکشاف کیا کہ 13فروری کو مال روڈ پر دھماکے سے قبل اس کا ٹارگٹ لاہور کا ایک دربار تھا لیکن کالعدم تنظیم کی جانب سے اسے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا جس پر اس نے 13فروری کو خود کش حملہ آورکو مال روڈ پر پہنچایا ۔ مال روڈ دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت 16افراد شہید اور 80سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔