اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے مہمند ایجنسی میں افعانستان سے دہشتگرد حملے کی مذمت اور اس میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلکہ ان کا مکمل صفایا کیاجائے گا ۔ وزیر اعظم ہائوس سے اس سلسلے میں پیر کے روز جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے پاک فوج
کے جوانوں نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں جو انتہائی قابل فخر ہیں جنہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج پر دہشتگردوں کے حملے قوم کے جذبے پست نہیں کر سکتے بلکہ جوان چکس ہیں اور اندرون ملک و بیرون ملک ہر سرگرم دہشتگرد کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ اور سرحدوں کو تحفظ دے کر پاکستان کو مضبوط سے مضبوط بنایا جائے گا خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں پاک فوج کی تین چوکیوں پر حملے کے باعث پانچ پاکستانی فوجی شہید اور جوابی حملے میں دس دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ وزیر اعظم نے اللہ تعالیٰ سے شہیدوں کے ایصال ثواب اور غمزدہ خاندانوں کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ۔