لاہور(آئی این پی) لاہورہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی ، عدالتی فیصلے کے بعد ماں کی چیخ و پکار سے احاطہ عدالت گونج اٹھا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے سبزہ زا رکی رہائشی خاتون شانم بی بی کی طرف سے اپنی بیٹی کلثوم کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ بابر یوسف نامی شخص نے اس کی بیٹی کو دبئی میں نوکری کا جھانسہ دے کر اغواء کر لیا ہے ۔ استدعا ہے کہ میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے ۔ سبزہ زار پولیس نے لڑکی کو فاضل عدالت کے رو برو پیش کیا
جس نے موقف اختیار کیا کہ اسے کسی نے اغواء نہیں کیا بلکہ اس نے بابر سے پسند کی شادی کی ہے ۔ اس دوران فاضل عدالت نے لڑکی کو اپنے ماں سے ملاقات کے لئے مہلت دی لیکن لڑکی نے ماں سے ملنے سے انکار کر دیا ۔ بعدا زاں عدالت نے لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیدی ۔ عدالتی فیصلے کے بعد لڑکی کی والدہ نے چیخ و پکار شروع کر دی جبکہ کمرہ عدالت سے باہر نکل کر بیٹی سے ملنے کے لئے بھاگ دوڑ کرتی رہی لیکن بیٹی نے ملنے سے انکار کر دیا ۔ ہائیکورٹ کی سکیورٹی نے میاں بیوی کو اپنے حصار میں لے کر گھر کیلئے روانہ کر دیا ۔