کوہاٹ(آئی این پی )کوہاٹ میں مبینہ غیرت کے نام پر قتل ہونے والی حناء شہنواز قتل کیس کے مرکزی ملزم محبوب عالم کو گرفتار کرلیا گیا۔زیر حراست ملزم نے پولیس کے چھاپوں سے تنگ آکر خود گرفتاری پیش کردی ہے۔ گرفتاری کے بعدملزم کو تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔قتل کی اس واردات میں ملوث گرفتار ملزمان کی تعداد سات ہوگئی ۔زیر حراست ملزم محبوب عالم ایف آئی آر میں براہ راست نامزد ملزم ہے
دیگر ملزمان کو قتل کی واردات میں اعانت کرنے کے جرم میں نامزدکیا گیا ہے۔قتل کیس میں نامزد ایک ملزم مہران علی تاحال روپوش ہے جسکی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود نے اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 6فروری کو کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ استرزئی پایاں میں مبینہ غیرت کے نام پر قتل ہونے والی این جی او میں ملازمت کرنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ ستائیس سالہ لڑکی حناء شہنواز کے قتل کیس میں براہ راست نامزد مرکزی ملزم محبوب عالم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ استرزئی محمد افضل اعوان کی پولیس ٹیم کے ہمراہ آئے روز چھاپہ مار کاروائیوں سے تنگ آکر ملزم محبوب عالم نے باالآخر خود ان کے دفتر میں پیش ہوکر گرفتاری دیدی ہے۔انہوں نے کہاکہ گرفتاری کے بعد ملزم کو تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے قتل کی اس واردات سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمودکا کہنا تھا کہ قتل کی یہ واردات پولیس کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھی تاہم انتہائی کوشش کے بعد قتل کے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے جدید خطوط پر تفتیشی طریقہ کار کی بدولت کیس کو کامیابی سے ہمکنار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا قتل کی اس کیس کی تفصیلات میڈیا پر آنے کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی اور ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان نے واقعہ کی اصل صورتحال منظر عام پر لانے
اور واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے ساتھ ساتھ کیس کی تمام پہلوؤں پر تفتیش یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے تو مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پولیس کی آپریشنل اور انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنکی شبانہ روز محنت اور لگن سے قتل کیس کو کامیابی کے انتہائی قریب لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واردات کے پہلے روز مقتولہ کی بہن اور واقعہ کے عینی شاہد ہونے کی دعویدارمسماۃ فرحین شاہ کی مدعیت میں قتل کی اس واردات کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں صرف ایک ملزم محبوب عالم کے خلاف درج کیا گیا اور بعد ازاں انہیں کی درخواست پر قتل کی واردات میں مدد کرنے والے دیگر سات ملزمان کو بھی مقدمہ میں نامزد کیا گیا اور یوں قتل کے اس وقوعہ میں نامزد ملزمان کی تعداد آٹھ ہوگئی جنمیں سے پولیس نے مرکزی کردار سمیت سات ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قتل کیس میں گرفتار اب تک چھ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا ہے جبکہ قتل کیس میں براہ راست نامزد ملزم محبوب عالم پولیس کی تحویل میں ہے جن سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔