بھوپال(آئی این پی)بھارت میں سفاک شخص نے موبائل فون چوری کے الزام پر سچائی ثابت کرنے کیلئے بچوں کے ہاتھ کھولتے تیل میں ڈلوا دئے،2کی حالت تشویشناک ،ملزم کو گرفتار کرلیاگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں 5 معصوم بچوں پر ان کے والد کے دوست نے موبائل فون چوری کرنے کا الزام لگا دیا۔ روتے بلکتے بچے صفائی دیتے رہے لیکن کوئی ماننے کو تیار نہیں ہوا۔ ظالم اور سفاک دوست نے سچائی ثابت کرنے کے لیے انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔
منطق پیش کی کہ اگر بچے سچے ہیں تو کھولتے ہوئے گرم تیل میں ہاتھ ڈالیں۔ اگر بے قصور ہوئے تو گرما گرم تیل ان پر اثر نہیں کرے گا۔خود پر لگے جھوٹے الزام کو صاف کرنے کے لیے بچوں نے تیل میں ہاتھ ڈال دئے جس کے باعث ان کے ہاتھ بری طرح جھلس گئے۔ پولیس کو خبر ملی تو بچوں کو اسپتال لایا گیا جہاں بچوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جبکہ اپنی عدالت لگا کر فیصلہ سنانے والے ظالم شخص کو پولیس نے حوالات میں بند کردیا ہے۔