اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک)پی سی بی اور آئی سی سی کا کرکٹ کے کھیل کو شفاف بنانے کیلئے کردار اور کوششیں موثر ثابت ہوئی ہیں۔ کھیل کو شفاف رکھنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کی پریس کانفرنس، گفتگو کے دوران گھبراہٹ اور پریشانی عیاں ہوتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے گزشتہ روز ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندر میچ کے بعد پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہاہے کہ
پی ایس ایل میں کرپشن کی روک تھام کیلئے پی سی بی کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ پی سی بی، آئی سی سی کی کھیل کو شفاف رکھنے کی کوشش موثر ثابت ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کھیل کو مکمل شفاف رکھنے کی خواہاں ہے ، مصباح الحق کے روئیے نے ٹیم کا مورال بلند رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم ٹیم کو دوبارہ ری گروپ کر کے میدان میں اتریں گے۔ فکسنگ سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کیلئے گزشتہ 48گھنٹے انتہائی سخت تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کی گھبراہٹ اور پریشانی عیاں ہو رہی تھی ، وہ ہاتھ میں موجود قلم کو بار بار میز پر مارتے رہے۔ یاد رہے کہ فکسنگ سکینڈل کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ لاہور قلندر سے میچ ہار گئی تھی۔