برلن(آئی این پی )جرمنی نے سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے والوں کی بے دخلی میں تیزی کا فیصلہ کرلیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکومت نے پاکستانیوں سمیت ایسے مہاجرین کی بیدخلی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں خصوصی نیشنل ڈیپورٹیشن مراکز کی تشکیل کی جا رہی ہے۔
برلن حکومت کے وزیر داخلہ تھوماس ڈی میزیئر نے تمام سولہ وفاقی ریاستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بیدخلی کے اِس قومی منصوبے کی مشترکہ اور بھرپور طریقے سے حمایت کریں تاکہ یہ کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔ اس سلسلے میں جرمن حکومت نے رضاکارانہ بنیاد پر اپنے ملک جانے والے مہاجرین کے لیے مالی مراعات کا بھی اعلان کیا ہے۔ گزشتہ برس اسی ہزار مہاجرین کو واپس بھیجا گیا تھا اور اس وقت دو لاکھ سے زائد بیدخلی کے منتظر ہیں۔