کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)انسداددہشتگردی کی عدالت کے حکم پر جیو ٹی وی کے مالک میرشکیل الرحمان، چیئرمین پیمرا ابصارعالم ، جیوکے اینکرز نجم سیٹھی اور منیب فاروق کیخلاف ملیر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔موقر قومی اخبار ایکسپریس ٹربیون کے مطابق یہ مقدمہ سٹیل ٹاؤن میں پٹھان کالونی کے رہائشی ’گل خان‘ کی شکایت پر درج کیاگیا۔درخواست گزار نے موقف اپنایاکہ نجم سیٹھی اور منیب
فاروق نے جیوٹی وی کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں فوج ،حکومت وقت اور عدلیہ کیخلاف بے بنیادالزامات لگا کر سازش کی اور عوام میں افراتفری، انتشار، عدم تحفظ پیداکرنے کی کوشش کی۔دونوں اینکرز نے چینل کے مالک کی ایماءپر ایسا کیا جبکہ چیئرمین پیمرا بھی اس کام میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ اُنہوں نے چینل کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجس پر درخواست گزارسمیت کروڑوں پاکستانیوں کی دل آزادی ہوئی۔ لہٰذا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس درخواست پر پولیس نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔