نئی دہلی/سرینگر (آئی این پی)مقبوضہ کشمیر میں ہمالیہ ریجن میں شدید برفباری اور تودے گرنے سے بھارتی فوج کے میجر سمیت 6افراد ہلاک جبکہ 4فوجی لاپتہ ہوگئے ۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جبکہ کئی پہاڑی علاقوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ کٹ گیا
۔وادی کو جموں سے ملانے والی واحد نیشنل ہائی وے بند ہوگئی جبکہ سرینگر سے متعد د پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں ۔سرینگر سے 140کلومیٹر دور لائن آف کنٹرول کے علاقے گوریز میں واقع گاؤں بادو اب میں ایک گھرشدید برفباری کے باعث گر نے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق ہوگئے ۔مرنے والوں کی شناخت 50سالہ حبیب اللہ لون اسکی بیوی 48سالہ عزیزی اور انکے بچے 19سالہ گلشن،17سالہ عرفان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گھر کے ایک فرد 19سالہ ریاض کو بچا لیا گیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ادھر شمالی کشمیر میں سرینگر سے 90کلومیٹر دور واقع علاقے سونمرگ میں بھارتی فوج کے ایک کیمپ پر برفانی تودہ گرنے سے آرمی میجر ہلاک ہوگیا جبکہ 4فوجی لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش کیلئے آخری اطلاعات آنے تک ریسکیو آپریشن جاری تھا۔اگلے 24گھنٹوں میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال خطے میں دو برفانی تودے گرنے کے واقعات میں 14بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔