ایڈیلیڈ(آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں فتح کے ساتھ طویل ٹور کا اختتام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری میچ سے قبل ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس کے دوران اظہر علی نے کہا کہ طویل دورے کے بعد کھلاڑی گھر جانے کے لیے بے چین ہیں اور اس سے ہی ہمیں آخری میچ میں پرفارم کرنے کی تحریک ملے گی۔
مصروف اور طویل شیڈول کی وجہ سے گرین شرٹس ایک لمبے عرصے تک گھر سے دور رہے، دورہ انگلینڈ کے بعد پلیئرز کو ایک ہفتہ ہی گھر پر گزارنے کا وقت ملا، طویل ٹور کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پرامید ہیں اور گھر واپسی کا جذبہ ہی ہمارے لیے فتح کا سب سے بڑا محرک ہو گا۔ آخری میچ میں فتح کے ساتھ ٹیم کو تقویت ملے گی اور ان کا اعتماد بحال ہو گا۔ کپتان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ناقص فیلڈنگ ٹیم کا سب سے کمزور پہلو رہی، اسکو کسی بھی حوالے سے اچھا نہیں کہا جا سکتا تاہم اب ہماری تمام تر توجہ اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے آخری میچ میں فتح پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے اس سیزن میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے تاہم میزبان ٹیم کے قومی دن پر گرین شرٹس نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔