کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ پولیس نے بالآخر موبائل فون کال ٹریس کرنے والا کروڑوں روپے مالیت کا جدید ترین فور-جی موبائل فون کال لوکیٹر سسٹم حاصل کرلیا۔یہ خصوصی ٹیکنالوجی حساس اداروں کے استعمال میں تھی، جو انہوں نے سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی)کے حوالے کردی، تاہم پولیس کے تمام ونگز اسے استعمال کر سکیں گے۔
سی ٹی ڈی عہدیداروں کے مطابق ادارے کی اعلیٰ قیادت نے خطرناک مجرموں اور عسکریت پسندوں کی جانب سے کی جانے والی سنگین کارروائیوں کو قابو کرنے کے لیے نئے سسٹم کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔سندھ پولیس کو دو فور-جی موبائل فون کال لوکیٹرز دیئے گئے ہیں، جو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے، جنہیں پورے صوبے میں کہیں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ذرائع کے مطابق پولیس یہ ٹیکنالوجی گزشتہ 2 سال سے استعمال کر رہی تھی، مگر اب حاصل کی جانے والی ٹیکنالوجی جدید ترین ہے، جس سے سمارٹ فون کمیونیکیشن کو بھی ٹریس کیا جاسکے گا۔