کراچی(این این آئی)طبی ماہرین نے دوپہر کو ایک گھنٹے کی نیند کو صحت کے لیے فائدہ مند قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکن ہیلتھ ان ایجنگ فانڈیشن سے وابستہ محققین کا کہنا ہے کہ دوپہر کو ایک گھنٹہ سونے کی عادت دماغ کی عمر بڑھنے سے بچاتی اور یادداشت بہتر رکھتی ہے۔ محققین نے یہ نتائج تین ہزار افراد کا جائزہ لینے کے بعد مرتب کیے ہیں۔
خیال رہے کہ قیلولہ یا دوپہر کو کچھ دیر سونا سنت نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہے۔ تحقیق میں کہا گیا کہ دوپہر کو سونے کا دورانیہ ایک گھنٹہ سے زیادہ یا کم نہیں ہونا چاہئے ورنہ فائدہ نہیں ہوتا۔ جو لوگ دوپہر میں ایک گھنٹے سونے کے عادی ہوتے ہیں وہ یادداشت، ریاضی کے مختلف سوالات اور دیگر چیزوں کو زیادہ بہتر طریقے سے حل کرپاتے ہیں۔محققین کے مطابق دوپہر کو سونے کی عادت سے الزائمر اور دیگر امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔