اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے بھارت کی طرف سے شروع کئے جانے والے مجوزہ منصوبہ ’’موسم‘‘ کی بھی مخالفت کر دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اخبار ’’جموں و کشمیر ٹائمز‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت نے موسم کے نام سے قدیم سمندری روٹ کی بحالی کا منصوبہ شروع کرنے کی منصوبہ بندی شروع کی ہے۔
منصوبے کے تحت بھارت علاقائی ملکوںکے ساتھ سمندری راستے سے رابطے قائم کرنے کے علاوہ ثقافتی رابطوں کو بھی بڑھانا چاہتا ہے۔ اخبار کے مطابق بھارتی حکومت نے جب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو سے ’’موسم‘‘ کو کثیر القومی منصوبہ قرار دینے کی درخواست دی تو چین نے بھارت کی مخالفت کر دی۔ چین کا مؤقف یہ ہے کہ بھارت سمندر کے راستے ’’سلک روٹ‘‘ کو بحال کرنے کے چینی منصوبے کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کی مخالفت کے بعد بھارت کا منصوبہ موسم بھی ناکام ہو جائیگا۔ چین اس سے پہلے بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کی بھی مخالفت کرتا آ رہا ہے۔