اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ترمیمی بل 2016) متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ ترمیمی بل کے مطابق وفاق ‘ کارپوریشنز اور خود مختار سرکاری اداروں میں گریڈ 11 سے بالائی آسامیاں ایف پی ایس سی کے ذریعے پُر کی جائیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس رانا محمد حیات خان کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایف پی ایس سی ترمیمی بل کی محرک ایم این اے ڈاکٹر فوزیہ حمید نے بل کے خدوخال کے بارے میں کمیٹی کو بتایا کہ وفاق تمام صوبوں کی اکائی ہے اور اس اکائی کی ہر ہر سرکاری ملازمت پر تمام اکائیوں کا حق ہے۔ اس ترمیمی بل سے قبل ایف پی ایس سی صرف گریڈ 16 سے بھرتیوں میں شامل ہوتی تھی۔ اس ترمیمی بل میں نتائج کی تیاری کی مدت بھی 6 ماہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔