کراچی (آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے پاپ گلوکار شہزاد رائے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے سے روک دیا۔
میڈیار پورٹس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجادعلی شاہ کی سربراہی میں قائم بینچ نے آئی جی سندھ اللہ دینو خواجہ (اے ڈی خواجہ ) کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف شہزاد رائے سمیت دیگر ساتھ افراد کی درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکومت کو ہدایت کی کہ انہیں عہدے پر برقرار رکھا جائے اور 12جنوری تک نہ ہٹایا جائے۔عدالت نے وفاقی ، حکومت سندھ اور اے ڈی خواجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت پر جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار وں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اے ڈی خواجہ کو میرٹ پر کام کرنے کی وجہ سے ہٹایا گیا ، وہ اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں جنہوں نے پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کیں اور عوام کیلئے موثر اقدامات کر رہے تھے تاہم حکومت کو انہیں عہدے سے ہٹانے سے روکا جائے۔یاد رہے سندھ حکومت نے چند روز قبل اے ڈی خواجہ کو جبری رخصت پر بھیج دیا تھا جس کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔