تہران(این این آئی)ایران میں فوجی پریڈ کے دوران پیش آنے والا واقعہ سوشل میڈیا پر لوگوں کے لیے انتہائی مضحکہ خیز منظر میں تبدیل ہو گیا۔ واقعے میں ایرانی اسپیشل فورسز کے دو اہل کار پریڈ کے دوران ایک گل دان نما چیز کو توڑنے میں ناکام رہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپیشل فورسز کا ایک کمانڈودوسرے ساتھی کے ہاتھ میں موجود گل دان کو لات مار کر توڑنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم متعدد کوششوں کے باوجود وہ اس میں ناکام رہا۔متعدد اعلی عسکری اہل کاروں کے سامنے اسپیشل فورسز کا بھرم رکھنے کے لیے ایک دوسرا اہل کار میدان میں آیا تاہم سرتوڑ کوششوں کے باوجود ناکامی نے اس کا بھی منہ چِڑایا۔ تھک ہار کر انتہائی شرمندگی کے ساتھ پریڈ کے حاضرین کے سامنے مذکورہ اہل کاروں نے سرنیچے کیے اورتقریب ختم ہوگئی۔