پشاور(این این آئی)تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیرضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ احتساب کمیشن پرویز خٹک کمیشن ہے،احتساب کمیشن سیاسی انتقام اورسول افسران کو بے عزت کرنے لیے بنایاگیا،پارٹی چیئرمین عمران خان کو مخاطب ہوئے کہا کہ آج خان صاحب کا امتحان ہے،اپنے نظریہ کو بچانا ہے یاپرویزخٹک کو بچانا ہے ۔
پشاورپریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں سابق صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ احتساب کمیشن کو گھر کی لونڈی بنایا ہے،احتساب کمیشن سیاسی انتقام اورسول افسران کو بے عزت کرنے لیے بنایاگیا،ضیا اللہ آفریدی نے وزیر اعلی پرویز خٹک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتساب کمیشن پرویز خٹک کمیشن ہے،پرویز خٹک نے اپنے لیے احتساب کمیشن بنایا اور احتساب کمیشن کے اہلکار وزیراعلی سے ڈیکٹیشن لیتے ہیں،انہوں نے احتساب کمیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیرخزانہ کے خلاف خیبربینک سکینڈل میں احتساب کمیشن نے کاروائی نہیں کی،ایکسائز کے وزیرمیاں جمشید کے خلاف احتساب کمیشن میں معدنیات کے 7کیسزہیں لیکن کاروائی نہیں ہوئی،جس آفیسر نے مجھے گرفتارکیا تھا وہ بعد میں بھرتی ہوا،احتساب کمیشن کی فائلوں میں معدنیات نکالنے پرپابندی لگانا میرا گناہ ہے،پابندی وزیراعلی نے لگائی تھی اورہٹائی بھی خود ہے،احتساب کمیشن پرانے کیسز اٹھاتے ہیں، ضیا اللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف لوگوں سے زبردستی گواہی لی،انہوں نے خبردار کیا کہ احتساب کمیشن سن لے کہ پی ٹی آئی یوتھ اسلام آباد جاسکتے ہیں توحیات آباد دورنہیں ہے۔