کراچی(نیوز ڈیسک)پیپلز پارٹی کی رہنمااور وزیر اعلی سندھ کی مشیر برائے ثقافت شرمیلا فاروقی کی رخصتی کی تقریب جمعرات کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرمیلا فاروقی سرخ جوڑے پر بھاری زیورات پہنے ہوئے تھیں۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ رخصتی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تو بھیڑ کے باعث ہوٹل میں داخل نہ ہوسکے اور اپنا تحفہ وقار مہدی کے ذریعے بھجوایا۔ ہوٹل میں کارکنان اور عام لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ کے باعث سبھی کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شرمیلا فاروقی کو اسٹیج تک پہنچنے میں بھی خاصی دشواری پیش آئی۔ ہوٹل میں پیپلز پارٹی کے گیت چلائے گئے۔ جب دولہا ہشام ریاض جب بارات لائے تو انہیں بھی اسٹیج تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ بہت سے لوگ کھانا کھائے بغیر چلے گئے۔ بریانی اور قورمے کے علاوہ میٹھے میں گلاب جامن اور آئس کریم کا اہتمام کیا گیا۔ رخصتی کی مناسبت سے آتش بازی بھی کی گئی۔ مہمانوں میں نثار کھوڑو، راشد ربانی، مرزا اختیار بیگ، وسیم اختر، خواجہ اظہار الحسن، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی اور آرٹس کونسل کے سیکر یٹری احمد شاہ بھی شامل تھے۔