بیجنگ(آئی این پی )چین نے کہا ہے کہ افغانستان کے معاملہ پر پاکستان اور روس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کن شوآن نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں افغانستان کی صورتحال کے بارے میں پاکستان اور روس کے ساتھ چین کی رابطہ سازی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے بارے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سمیت متعلقہ فریقین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں،بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں رکنیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور بھارت نے حالیہ سالوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت متعدد کاوشیں کی ہیں،
ہم دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات قائم کرنے کے مقصد کو آگے بڑھا رہے ہیں،چین اور بھارت جوکہ دو بڑے ہمسایہ ممالک ہیں،ان کے مابین کسی بھی معاملہ پر اختلاف رائے ہونا بڑی بات نہیں ہے،دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کی بنیاد دوستی اور تعاون ہے جبکہ اختلافات ثانوی نوعیت کے ہیں،دونوں ممالک متعلقہ معاملات پر رابطے میں ہیں اور چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین طے پانے والے اتفاق رائے کے تحت کام کرنے کو تیار ہے تاکہ اختلافات کو نمٹاتے ہوئے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو وسیع کیا جاسکے۔(خ م)