کراچی(نیوز ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے گندم اور آٹے کی ایکسپورٹ پر سبسڈی کا میکنزم جاری کر دیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایکس چینج پالیسی ڈپارٹمنٹ نے سرکلر کے ذریعے غیرملکی کرنسی کے مجاز ڈیلرز کوآگاہ کیا ہے کہ وہ گندم و آٹے کی برآمدپر سبسڈی کی درخواستیں مجوزہ فارمیٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر فارن ایکس چینج آپریشن ڈپارٹمنٹ، بینکنگ سروسز کارپوریشن، چیف منیجر فیلڈ آفس کو ارسال کرسکتے ہیں، درخواستوں کے ہمراہ گندم یا آٹے کی خریداری سے متعلق فوڈ ڈپارٹمنٹ کا لیٹر، گڈز ڈکلیریشن(جی ڈی)، بل آف لیڈنگ /ٹرک یا ریلوے کی رسید جبکہ ہاو¿س آف لیڈنگ کے ذریعے ایکسپورٹ کی صورت میں متعلقہ ماسٹر بل آف لیڈنگ، کمرشل /کسٹم انوائسز، ایکسپورٹ پروسیڈ ریئلائزیشن سرٹیفکیٹ یا ایڈوانس پے منٹ واو¿چر پیش کرنا ہوگا۔سندھ سے ایکسپورٹ کی جانے والی گندم یا آٹے کی خریداری کی آخری تاریخ 31مارچ اورپنجاب کیلیے 15اپریل جبکہ خریداری کے اندرون30روزبرآمدلازمی ہو گی، سبسڈی کی ادائیگی ای فارم میں مقررہ پوری مقدار ایکسپورٹ کیے جانے کے بعد ہی کی جائیگی، برآمد کے 90 روز کے اندر سبسڈی کی درخواستیں جمع کرانا لازمی ہے، اسٹیٹ بینک کی بینکنگ سروسز کارپوریشن درخواستوں کی 30روز میں اسکروٹنی کریگی، کلیم کی منظوری کے بعد سبسڈی کی رقم مجاز ڈیلر کے اسٹیٹ بینک میں کھولے گئے اکاو¿نٹ میں منتقل کردی جائیگی جو 24 گھنٹوں میں ایکسپورٹرز کے اکاو¿نٹ میں منتقل کرنا ہوگی۔