لاہور/گوجرانوالہ (این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب کوئی بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا ٗپاک فوج کے جوان لگن اور قربانی سے فوج کی شجاعت، عوام کی خدمت اور قربانی کی عظیم روایات کو برقرار رکھیں۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے الوداعی دوروں کا آغاز لاہور سے کر دیا ہے پیر کو آرمی چیف نے لاہور گریژن میں آرمی اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا ۔انہوں نے اپنی زیر کمان خدمات سرانجام دینے پر رینجرز اور آرمی کے افسروں اور جوانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہاکہ امن و استحکام کا حصول آسان کام نہیں تھا ہماری قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم سے ملک کو درپیش تمام مشکلات حل کر نے میں مدد ملی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دنیا کی عظیم اور بہترین فوج کی سپہ سالاری پر فخر ہے ٗہم کسی بھی چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہیں، پاکستان کی جانب کوئی بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوان لگن اور قربانی سے فوج کی شجاعت، عوام کی خدمت اور قربانی کی عظیم روایات کو برقرار رکھیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین ، بہادر اور دلیر قوم ہے، عوام نے ہمیشہ منفی حالات میں صبر سے کام لیا ، ملک میں امن و استحکام کا قیام آسان کام نہیں تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں اور بہادر عوام کی قربانیوں اور مشترکہ قومی عزم سے بھرپور کامیابیاں حاصل کیں، آپریشن ضرب عضب نے قوم میں عظیم امید اورسمت کا تعین کیا اور اس سے پاکستان مزید محفوظ اور مستحکم ہوا ہے۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر فور کور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ان کا استقبال کیا ۔بعد ازاں اپنے الوداعی دوروں کے دوسرے مرحلے میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف گوجرانوالہ پہنچے جہاں انہوں نے منگلا اور گوجرانوالہ کور کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مادر وطن کے دفاع کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیت،لگن اور قربانیوں پر فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی استعدادکارکے فروغ اور انسداد دہشتگردی تربیت فراہم کرنے پر منگلا کور کی کارکردگی کو سراہا ۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی آمد پر کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی اور کمانڈر 30 کور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے انکا استقبال کیا۔