کراچی (این این آئی)انسدادہشتگردی کی عدالت نے 22 اگست کو ہنگامہ آرائی میڈیا ہاؤسز پر حملے اور بغاوت کے 2 مقدمات میں فاروق ستار، عامر خان اور دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔پیر کو کراچی انسدادہشتگردی کی عدالت میں 22 اگست کو ہنگامہ آرائی اور بغاوت کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔
عدالت میں پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما شاہد پاشا ،قمر منصور ایڈووکیٹ، گلفراز خٹک سمیت 50 سے زائد ملزمان کو پیش کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم ضمانت پر رہا 3 خواتین بھی عدالت میں حاضر ہوئیں۔ عدالت میں ملزمان کی جانب سے ضمانت دینے سے متعلق استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ لوگوں نے کچھ نہیں کیا ہے تو آپ کے ساتھ انصاف
ہوگا جبکہ تفتیشی افسر کی جانب سے بتایا گیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہے جس پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان میں فاروق ستار روزمیڈیاپرآتے ہیں،آپ کہتے ہیں آپ کونہیں مل رہے اگر آپ نہیں پکڑ سکتے تو ہم اعلی افسران سے گرفتارکرالیتے ہیں وہ گرفتار کرلیں گے جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ مفرورملزمان کیخلاف4اخبارات میں اشتہارشائع کروادیئے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائیگا عدالت نے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی واضح رہے 22 اگست میں ملوث ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں۔