کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسچینج کمپنیوں کو ڈالر کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں گراوٹ کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، عوام افواہوں پر کان نا دھریں۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کو لگام دینے کی خاطر اسٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیز کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں ڈالر کی کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عرفان علی نے کہا کہ 5 ہزار روپے کا نوٹ اور 40 ہزار کے بانڈ بند ہونے کی افواہیں سراسر بے بنیاد ہیں،
اس میں کوئی صداقت نہیں جبکہ روپے کی قدر میں کمی کا بھی کوئی امکان نہیں ہے۔اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ پاکستان میں معاشی ترقی کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف بھی کر رہے ہیں، اس لئے عوام ایسی تمام افواہوں پر کان نہ دھریں۔اس موقع پر ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراجہ نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کے احکامات کے مطابق ڈالر کی بلاتعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔