اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ٹرمپ اگر کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں گے تو پاکستان خوش آمدید کہے گا ، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے قراداوں کے مطابق ہی حل کیا جائے گا۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ اگر نو منتخب امریکی صدر کشمیر پر ثالثی کریں گے تو پاکستان خوش آمدید کہے گا تاہم اس سے پہلے بھارت کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔طارق فاطمی نے کہاکہ پاکستان کے محکمہ خارجہ نے ٹرمپ کی پالیسیوں پر ہوم ورک کیا ہوا ہے ٗ ہمارے سفارت کار ٹرمپ کے مشیر سے رابطے میں ہیں ،امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی تو ہم پوری طرح تیار ہیں۔طارق فاطمی نے کہا کہ انتخابی مہم اور ملک کے نظام چلانے میں فرق ہے ٹرمپ کے آنے سے امریکا کی نیشنل سیکیورٹی پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔