لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سونے کی قیمتوں میں ایک ساتھ اتنا بڑا اضافہ کہ خریدار سر پکڑ کر بیٹھ گئے ۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ سونے کی قیمت تیرہ سو ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں مختلف کرنسیوں کی قدر میں کمی نے سونے کے بھاو بڑھا دیے۔عالمی صرافہ بازار میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت تیرہ سو آٹھ اعشاریہ چار دو ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ امریکی سونے کے دسمبر کے سودے تیرہ سو چار اعشاریہ سات ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔شینگ ڈونگ گولڈ گروپ کا کہنا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابی مہم قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ آئندہ سال جنوری تک سونے کے نرخ تیرہ سو پچاس ڈالر فی اونس تک پہنچنے کی پیش گوئی بھی کی جارہی ہے۔